کتاب ’ فلسفتنا ‘ شہید السید محمد باقر الصدر کی اہم ترین تالیفات میں سےایک ہے ۔ کہ جو ایک عظیم مفکر اور مسلمان فلسفی تھے ۔ یہ کتاب انہوں 1959 ء میں لکھی ۔ جب کہ اُس وقت اُن کی عمر تقریباً تیس سال تھی ۔
اِس کتاب میں انہوں نے مختلف فلسفی نظریات پر اور بالخصوص اسلامی اور مارکسی فلسفہ کے مابین فکری تناؤ پر مدلل بحث کی۔ جو اُس وقت اِسلامی معاشرے پر بڑی تیزی سے اثر انداز ہو رہا تھا ۔
جب 1958ءمیں عبد الکریم قاسم نے مارشل لاءنافذ کیا تو بڑی تعداد میں مارکسی کیمونسٹ عراق اور عرب دنیا میں داخل ہو گئے ۔ مارکسزم کے افکار جگہ جگہ پھیل گئے اور آئے دن اُن کی فکری سرگرمیوں میں اضافہ ہونے لگا ۔ جس کے نتیجے میں مسلمانوں کے لیے مشکلات بڑھ گئیں اور اُن پر ظلم و تشدد کے واقعات دیکھنے میں آئے ۔
اُن حالات میں شہید باقر الصدر نے مارکسی افکار کا جواب دینے اور اُن کی ترویج کو روکنے کے لیے یہ کتاب لکھی ۔ اِس کتاب میں فلسفہ کے اُن اہم مبانی پر بحث کی گئی ہے جن پر مارکسی فلسفہ کی عمارت قائم ہے ۔ مارکسی فلسفہ کو رد کرنے کے ساتھ ساتھ شہید نے یہ بھی ثابت کیا کہ اِسلامی فلسفہ مستقل طور پر نظام کائنات اور امور زندگی کو چلانے کی قدرت و صلاحیت رکھتا ہے ۔