مؤسسہ نشر آثار السید الشہید محمد باقر الصدر (قدہ) کے زیراہتمام ’’قبلہ اول اور مسئلہ فلسطین علمائے نجف اشرف کی نگاہ میں‘‘ کے عنوان سےراولپنڈی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علمائے کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں مراجع تقلید محمد حسین بن علی آل کاشف الغطا، آیت اللہ شہید سید محمد باقر الصدر، آیت اللہ سید علی حسینی سیستانی اور آیت اللہ شیخ محمد الیعقوبی سمیت تمام علمائے نجف اشرف کے قبلہ اول اور مسئلہ فلسطین پر فرمودات سمیت عملی اقدامات پر روشنی ڈالی۔

علمائے کرام کا کہنا تھا کہ ۱۳۵۰هـ کو فلسطین میں ہونیوالی اسلامی کانفرنس میں نجف اشرف کے علماء  شریک تھے یہ کانفرنس، پیغمبر اسلام ﷺکی بعثت کی مناسبت سے بیت المقدس میں منعقد ہوئی۔ نجفی علماء  نہ صرف کانفرنس میں حاضر ہوئے تھے بلکہ مسجد الاقصی میں نماز بھی ادا کی۔ اسلامی کانفرنس کے دوران بیت المقدس میں علامہ اقبالؒ لاہوری سمیت ہزاروں مسلمانوں نے مرجع تقلید محمد حسین بن علی آل کاشف الغطا، کی اقتدا میں نماز ادا کی ۔

علمائے کرام کا کہنا تھا کہ جہاد اسلامی کے سابق سیکریٹری جنرل "شہید فتحی شقاقی” نے بارہا اس حقیقت کا اعتراف کیا کہ ہمیں انقلابی اسلامی سے آشنائی شہید آیت اللہ سیدمحمد باقر الصدر کے قلمی آثار سے ملی۔اسلامی جہاد کے علاوہ کئی ملّی اور دینی تحریکیں علمائے نجف کے باعث فلسطین کی مقبوضہ سرزمین پرمعرض وجود میں آئیں جو ثقافتی اور سماجی امور میں آج بھی سرگرم عمل ہیں۔

علمائے کرام کا کہنا تھا کہ آج بھی آیت اللہ شیخ محمد الیعقوبی اور دیگر مراجع عظام فلسطینی مزاحمت تحریکوں کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں آیت اللہ شیخ محمد الیعقوبی کے موجودہ حالات کے تناظر میں فرمودات امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں۔