مولانا سجاد ہمدانی نے بطور مدیر،مؤسسہ نشر آثار شہید سید محمد باقر الصدر (قدہ) تقرری کے بعدآیت اللہ الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) بالخصوص اُن کے وکیل شیخ ہادی حسین ناصری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شوریٰ نیوز کو دیئے گئے مختصر انٹرویو میں کہا کہ بلا شبہ بیسویں صدی کے فُقہاء اور مراجع تقليد میں آیت اللہ شہید محمد باقرالصدر(قدہ) فکر وفلسفہ وديگر اسلامی علوم کے اعتبار سے ممتاز عالم ہیں اور وہ نہ صرف اپنے معاصرین بلکہ متاخرین میں بھی ممتاز اور عظیم تسلیم کیے جاتے ہیں کیونکہ وہ محض ایک فقیہ نہ تھے بلکہ ایک فلسفی، مصلح، مفکر، وعظیم اسلامی عالم تھے ۔

مولانا سجاد ہمدانی نے کہا کہ آیت اللہ شہید محمد باقرالصدر(قدہ) ڈکٹیٹرصدام حسین کے مشکل ترین دورمیں علم کے پیاسوں کو علوم اہلبیتؑ سے سیراب کرتے رہے۔ اُن کی تعلیمات کسی خاص وقت، علاقہ یا رنگ ونسل کے لیے مخصوص نہیں بلکہ قرآن و اہلبیتؑ کی بھرپور نمائندگی کرتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مدیر،مؤسسہ نشر آثار شہید سید محمد باقر الصدر (قدہ) کا کہناتھا کہ سید محمد باقر الصدر (قدہ)کو 1980ء میں شہید کیا گیا انقلابی اسلامی کے بعد تھوڑا سا کام شہید باقر الصدر کے حوالے سے کیا گیا لیکن اُس کے بعد  اُس طرف توجہ نہیں دی گئی اورکسی نے اُس طرح کام کرنا گوارا نہیں کیا جس کے وہ حقدار تھے انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم بطور ادارہ شہید باقرالصدر کی کتب کومکمل طور اُردو زبان میں نشر کرکے نوجوان نسل تک اُن کا پیغام پہنچانے میں مددگار ثابت ہونگےاور افکار شہید باقرالصدرکی ترویج کیلئے بھرپور اقدامات اُٹھائیں گے۔